ملک بھر میں شدید گرمی، مزید اضافے کا امکان، الرٹ جاری


اسلام آباد: ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، سندھ اور مشرقی بلوچستان میں دن کے وقت درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گرمی کی شدید لہر کے بعد ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں بارش کا نیا سلسلہ داخل ہونے کا امکان ہے جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئے گی۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو لوگ پورے ملک سے نکلیں گے، شیخ رشید

سرگودھا میں گرمی کی شدید لہر کے ساتھ ہیضہ اور پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ ہو گیا ہے اور محکمہ صحت کے مطابق گرمی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ صحت نے شہریوں سے ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گرمی سے بچنے کے لیے سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔


متعلقہ خبریں