مسجد نبویﷺ میں وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف نعرے بازی پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا ردعمل آ گیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کچھ مخصوص لوگوں نے مسجد نبویﷺ کا تقدس پامال کیا، ان کے لیڈر نے بدتمیزی کے سوا اور کچھ نہیں سکھایا، یہ معاشرے کی تباہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پاک زمین کو سیاست کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہتی، انہوں نے جو اس معاشرے میں تباہی کی وہ آج آپ کے سامنے ہے۔
مریم اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ وقت لگے گا لیکن یہ رویے ہمارے مثبت رویوں سے تبدیل ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے کارکن بھی یہاں ہیں لیکن انہیں ہدایت کی گئی کہ ایسا رویہ نہ اپنایا جائے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے نئے دورکا آغاز ہورہا ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4سال کے دوران قریبی دوست ممالک سے بھی تعلقات خراب ہوئے، سابقہ حکومت نے پوری دنیا سے تعلقات خراب کیے، انہیں بہتر کیا جائیگا۔