توشہ خانہ کی تحقیقات ہوں گی، گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف بھی غائب ہے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ توشہ خانہ کی مکمل تحقیقات ہوں گی، گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف بھی غائب ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر 4 سالوں سے مسلط ٹولہ عوام کو بے وقوف بناتا رہا جبکہ عوام سے صرف اور صرف جھوٹ بولا گیا۔ شہباز شریف کو 2 بار گرفتار کیا گیا اور حمزہ شہباز کو 22 ماہ جیل میں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے ریکارڈ چوری کرنے کا الزام لگانے والے جھوٹے ہیں۔ ہم نے ریکارڈ چوری کر کے کیا کرنا ہے، ان کو جھوٹ بولتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ ڈاکٹر رضوان ان کے دور حکومت میں چھٹی پر گئے تھے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جس ریکارڈ کی یہ بات کر رہے ہیں اسی کے مطابق کوئی کرپشن اور منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی جبکہ تحریک انصاف نے انتقامی سیاست کے لیے نیب کو استعمال کیا۔ ملک 1947 میں آزاد ہو گیا تھا لیکن عمران خان نے آئین شکنی کی۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ تحریک انصاف خود 4 سال ریکارڈ غائب کرتی رہی اور جو ریکارڈ ہمارے حق میں ہو گا اس کو چوری کرنے کی ضرورت نہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ کہا گیا گھڑی تحفے میں ملی اور ہم نے بیچ دی تو کیا ہوا، یہ لوگ ملک کے اثاثے بیچنے میں ملوث ہیں، آپ کو گھڑی، کفلنک اور انگوٹھیاں ملیں اور یہ تمام چیزیں 14 کروڑ مالیت کی تھیں لیکن 2 کروڑ روپے جمع کرائے گئے۔ کفلنک، گھڑی اور انگوٹھی انہوں نے 18 کروڑ روپے میں فروخت کیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک گولڈ پلیٹڈ کلاشنکوف بھی غائب ہے جو جلد بنی گالہ سے برآمد ہو گی۔ توشہ خانہ کی تمام تفصیلات آئیں گی اس کی تحقیقات ہوں گی۔ کرائے کے ترجمان واپسی کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں