شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے

اسلام آباد: ملک بھر میں شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 کا دائرہ کار وسیع کردیا گیا

ہم نیوز کے مطابق شب برات کے موقع پر مساجد، مزارات و خانقاہوں میں چراغاں و خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں لوگ خالق کائنات اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے توبہ استغفار کر رہے ہیں اور دنیائے فانی سے گزر جانے والے اپنے بزرگوں کی ارواح کی مغفرت کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں، قصبوں و دیہاتوں میں درود و سلام اور اذکار کی بڑی و چھوٹی محافل کا انعقاد کیا گیا ہے جن میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام اس رات کے فضائل بیان کررہے ہیں۔

شب برات کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد قبرستانوں کا رخ بھی کررہی ہے جہاں وہ اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پہ فاتحہ خوانی اور تلاوت کلام کر رہے ہیں اور ان کی مغفرت کے لیے خصوصی دعائیں بھی مانگ رہے ہیں۔

مسجد نبوی میں اس رمضان اجتماعی افطار کی رونقیں بحال ہوں گی

رحمتوں و برکتوں اور مغفرت والی اس رات میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے اپنے مختصر خطاب کے بعد خصوصی دعائیں کرائی ہیں جن میں گناہوں سے توبہ استغفار کیا گیا ہے اور تمام آفات سے نجات کی دعائیں کی گئی ہیں۔

لوگوں کی بڑی تعداد نے شب برات کے موقع پر نذر و نیاز کا بھی خصوصی طور پر اہتمام کیا ہے۔ خواتین گھروں پہ ذکرو اذکار کررہی ہیں، تسبیحات پڑھ رہی ہیں اور نوافل کی ادائیگی کررہی ہیں۔ گھروں پہ بطورخاص قرآن پاک کی تلاوت کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

آج کی شب اللہ تعالیٰ کے حضور مسلمان سجدہ ریز ہو کر جہاں اپنے گناہوں کی توبہ کررہے ہیں تو وہیں ایمان و سلامتی اور رزق میں کشادگی کے بھی طلب گار ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد حسب معمول صبح فجر سے قبل سحری کرکے کل کا روزہ بھی رکھے گی۔

ای سی سی اجلاس: 8.2 ارب روپے کا رمضان ریلیف پیکج منظور

ملک بھر میں شب برات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور سخت پیٹرولنگ کی جارہی ہے تاکہ شرپسند عناصر کسی بھی طرح اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔


متعلقہ خبریں