روس یوکرین جنگ، نقصانات کی تفصیلات جاری


روس اور یوکرین نے جنگ میں ایک دوسرے کے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی وزارت دفاع نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں یوکرین میں 46 فوجی تنصیبات کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا۔

روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ روسی مسلح افواج اور ڈونباس کی علیحدگی پسند انتظامیہ کی یوکرین میں پیش قدمی جاری ہے اور رہائشی عمارتوں کو کنٹرول میں لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روسی فوج یوکرین میں فوجی تنصیبات پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور کل یوکرین کے علاقے ریونے کے شہر سرن کی فرنٹ لائن کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

ایگور کوناشینکوف نے کہا کہ یوکرین کی 46 فوجی تنصیبات، 181 طیاروں اور ہیلی کاپٹروں، 172 ڈرون طیاروں، 170 ملٹی بیرل راکٹ لانچروں، ایک ہزار 379 ٹینکوں اور بکتر بند گاڑیوں، 133 اینٹی ائیر کرافٹ میزائل سسٹمز، 514 ہووِٹزر اور مارٹر توپوں اور ایک ہزار 168 اسپیشل فوجی گاڑیوں کو بھی تباہ کیا گیا ہے۔

یوکرین کے جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹر نے 24 فروری سے 17 مارچ تک روسی فوج کے نقصان کے اعداد و شمار جاری کیے۔ جس کے مطابق جنگ میں روس کا جانی و مالی نقصان 14 ہزار فوجیوں، 86 طیاروں، 108 ہیلی کاپٹروں اور 444 ٹینکوں تک پہنچ چکا ہے۔

یوکرین کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روسی مسلح افواج کی ایک ہزار 435 بکتر بند گاڑیاں، 72 راکٹ لانچر سسٹمز اور 43 فضائی دفاعی سسٹمز تباہ کیے گئے ہیں۔

روسی مسلح افواج کو 864 گاڑیوں، 3 لائٹ اسپیڈ ٹینکرز، 60 فیول وہیکلز اور 11 ڈرون طیاروں کا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا ہے۔


متعلقہ خبریں