آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان ملاقات کی اندرونی کہانی


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کو 27 فروری کا لانگ مارچ ملتوی کرنے کا مشورہ دے دیا اور کہا کہ الگ الگ لانگ مارچ کرنے سے حزب اختلاف کی تقسیم کا تاثر ملتا ہے، اسی لیے پیپلز پارٹی حزب اختلاف کے ساتھ لانگ مارچ میں شریک ہو۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے تجویز دی کہ پہلے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانی چاہیے۔

آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان اس بات پر اتفاق نہ ہو سکا کہ تحریک عدم اعتماد پہلے مرکز میں لائی جائے گی یا پنجاب میں ؟

ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد سے متعلق آصف علی زرداری آج صدر مسلم لیگ ن اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے بھی مشاورت کریں گے جبکہ مسلم لیگ ن اتحادیوں کے بجائے حکومتی ناراض ارکان کو ساتھ ملانے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حزب اختلاف شوق سے آئے، ملے گا کچھ نہیں، شیخ رشید

آصف زرداری نے کہا کہ ن لیگی رہنماؤں کے مطابق 20 سے 22 ناراض ارکان نے ن لیگ کو حمایت کا یقین دلایا ہے اور حکومتی ناراض ارکان کی حمایت سے تحریک عدم اعتماد متنازعہ ہوسکتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان اور آصف علی  زرداری کی رائے ہے کہ اتحادیوں کو ساتھ ملانا چاہیے جبکہ فضل الرحمان اور آصف علی زرداری نے حکومتی اتحادیوں سے بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فضل الرحمان اور آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد اور لانگ مارچ پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


متعلقہ خبریں