اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشں گوئی کی ہے کہ سندھ کے کئی شہروں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 29 اور زیادہ سے زیادہ 43 سینٹی ڈگری گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ جزوی طور پر موسم گرم اور خشک رہےگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے لیے مزید تین دن تک ہیٹ اسٹروک الرٹ برقرار رہے گا۔ دوپہر 12 بجے شہرکی ہوا میں نمی کا تناسب صرف 6 فیصد رہ گیا اور سمندری ہوائیں بھی بند ہو گئی ہیں۔
محکمہ موسمیات 19 سے 23 مئی تک کے لیے پہلے ہی ہیٹ ویو الرٹ جاری کرچکا ہے۔ ڈاکٹروں نے شہریوں کو خود کو گھروں تک محدود رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی اشد ضرورت کے تحت باہر جانا ہی پڑجائے تو چھتری کا استعمال کریں اور گیلا کپڑا سر پہ لیں۔
حکومت سندھ کی ہدایت پر تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں اور ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ فلاحی تنظیموں کی جانب سے بھی شہر میں جگہ جگہ شربت و پانی کی سبیلیں لگائی گئی ہیں اور ایمرجنسی ہیٹ اسٹروک سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
حیدرآباد کا درجہ حرارت کم سے کم 27 اور زیادہ سے زیادہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ پیر تک موسم انتہائی گرم رہنے کا امکان ہے اور بارش کی بھی کوئی نوید نہیں سنائی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدین، دادو، نواب شاہ، لاڑکانہ اور سکھر سمیت سندھ کے کئی دیگر شہروں میں بھی موسم شدید گرم رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سندھ کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دارالحکومت اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 22 اور زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ تیز ہوائیں چلیں گی لیکن پیر تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
راولپنڈی، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ لاہورمیں درجہ حرارت کم سے کم 25 اور زیادہ سے زیادہ سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں تیز ہوائیں چلیں گی لیکن جزوی طورپرموسم گرم اورخشک رہے گا۔
مری کا درجہ حرارت کم سے کم دس اور زیادہ سے زیادہ 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، موسم ابر آلود ہو گا اور بارش ہونے کا امکان بھی صرف 30 فیصد ہے۔
کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت گیارہ اور زیادہ سے زیادہ 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں ٹھنڈی ہوائیں چلیں گی لیکن جزوی طورپرموسم خشک رہے گا۔