اسلام آباد: تحریک انصاف پاکستان کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرکے امن، روزگار اورانصاف کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں ، حکومت نے کل فاٹا اصلاحات کا ڈرافٹ پیش کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
ہم نیوز کے پروگرام ‘ہم ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نے کہا کہ کچھ لوگ فاٹا کا خیبرپختون خوا میں انضمام نہیں چاہتے، جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اب بھی فاٹا انضمام کی مخالفت کررہے ہیں، وہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ مل کر پختونوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاٹا کے قبائلی محب وطن ہیں اگر ہم اقتدار میں آئے تو فاٹا میں بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ممبئی حملوں کا واقعہ کہیں بھی زیر بحث نہیں تھا، نوازشریف اس وقت ممبئی حملوں کا راگ الاپ کر ملک دشمن قوتوں کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر پانچ ماہ کا وقت مانگا تھا۔