جسٹس (ر) وجیہہ الدین کیخلاف کریمنل کیس فائل کر رہے ہیں، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے پاکستان کی معیشت کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 9 شہریوں کو بنیادی حق دیتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہم آئین کے آرٹیکل 9 کی خلاف ورزی دیکھ رہے ہیں۔ سوشل میڈیا میں عزت نفس کے حق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے اور میڈیا کی آزادی کو پاکستان کے نظام کو کمزور کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا گیا بنی گالہ کے کچن کا خرچہ 50 لاکھ روپے ہے اور وہ جہانگیر ترین دیتے ہیں لیکن جہانگیر ترین نے اس کی تردید کر دی۔ چاہتے ہیں کہ میڈیا تنظیموں کے ساتھ مل کر قانون سازی کو آگے بڑھائیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان، بلوچستان اور اندرون سندھ ترقی میں پیچھے رہ گئے، وزیر اعظم

فواد چوہدری نے کہا کہ نجم سیٹھی نے پروگرام میں وزیر اعظم کی ذات پر بات کی اور ذاتی معاملات کو ٹی وی پر لایا گیا۔ وزیر اعظم کی ذات کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے انہوں نے پاکستان کی معیشت کو کبھی نقصان نہیں پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین نے مسخرہ پن دکھایا ہے ان کے خلاف کیس فائل کر رہے ہیں اور وجیہہ الدین کا بیان چلانے والے چینلز کو بھی نوٹس دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو کے لیے میڈیا رولز نہیں تو باقیوں کے لیے کیا ہو گا اس لیے آئین کے آرٹیکل 9 کا نفاذ بہت ضروری ہے۔ اس وقت میڈیا کی آزادی کو خاص مہم کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ امیر ترین خاتون تھیں لیکن وزیر اعظم نے جمائمہ سے بھی حصہ نہیں لیا ورنہ آج وہ امیر ترین ہو جاتے۔


متعلقہ خبریں