مری کے نواحی علاقے چھانگلہ گلی میں تیندوے نےموٹرسائیکل سوار پر حملہ کردیا۔شہری بال بال بچا۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکل سوار جنگل میں بنی غیر پختہ سڑک سے گزر رہا تھا کہ اچانک تیندوا سامنےآگیا۔
تیندوے کو دیکھ کر شہری خود کو بچانے کے لیے موٹر سائیکل سے اترآیا اور موٹرسائیکل کی آڑ میں کھڑا ہو گیا۔ تیندوا بھی گھات لگا کر بیٹھا رہا۔
پیچھے سے آتی کار میں سوار افراد نے موٹر سائیکل سوار کی جان بچائی۔ ڈرائیور نے گاڑی کو تیندوے کے قریب لا کر اسے بھگانے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: مارگلہ کے جنگل سے تیندوا سڑک پہ آگیا
گاڑی کو قریب آتا دیکھ کر تیندوا خوفزدہ ہوکر موٹر سائیکل پر جھپٹا اور جنگل کی طرف بھاگ گیا۔ شہری نے موٹرسائیکل کی آڑ لے کے فاصلہ برقرار رکھا اور تیندوا شہری تک نہیں پہنچ سکا۔
محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظرآنے والا تیندوا کامن لیپرڈ ہے۔ تیندوا صرف سیلف ڈیفینس یا خوف میں حملہ کرتا ہے۔