پاکستان میں باکسنگ مقابلے میرا خواب ہے، عامرخان


لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ مقابلے ان کا خواب ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان سے ایک نیا عامر خان نکلے۔

وہ پاکستان باکسنگ فیڈریشن ( پی بی ایف) کے صدر خالد محمود سے ملاقات کے موقع  پر گفتگو کر رہے تھے،  ملاقات میں پاکستان میں باکسنگ کے فروغ  اور باکسرز کی کوچنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عامرخان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اسپورٹس کا بہت ٹیلنٹ ہے، وہ پاکستان سے ایک نیا عامرخان نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے لیے کچھ کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان میں باکسنگ مقابلے کرانا ان کا خواب ہے۔

عامر خان باکسنگ اکیڈمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اکیڈمی کے دروازے  پاکستانی باکسرز کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کیوبا کے ہر کونے میں باکسنگ رنگ ہیں، پاکستان میں بھی ہرجگہ باکسنگ رنگ بنانا ہوں گے، عامر خان کا کہنا تھا کہ میرے بھائی نے کامن ویلتھ  گیمز میں پاکستان کے لیے میڈل جیتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپورٹس بورڈ  پنجاب آئندہ 6 ماہ میں 50 ملین روپے کی مدد سے باکسنگ رنگ تعمیر کرے گا۔


متعلقہ خبریں