بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان  نے سر جوڑ لیا


وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض ارکان  نے سر جوڑ لیا۔

کوئٹہ میں  بلوچستان عوام پارٹی  کے ناراض  ارکان کا اجلاس جاری ہے۔ اجلاس میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی قدوس بزنجو شریک  ہیں۔سعید احمد ہاشمی ، جان محمد جمالی اور سردار صالح بھوتانی  بھی موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانیکا امکان

اجلاس  کے شرکا کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور جاری ہے۔ شرکائے اجلاس تمام آئینی، قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیں گے جس کے بعد متفقہ طور پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو، جان محمد جمالی اور صالح بھوتانی  ناراض اراکین سے بات چیت کریں گے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے ناراض اراکین ایک ہفتے قبل چیئرمین سینٹ کے ہمراہ اسلام آباد آئے تھے۔ اس وقت ناراض اراکین نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا تھا کہ وزیراعلیٰ کے استعفے کے بنا کوئی بات نہیں ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بھی کچھ دیر بعد ہوگا۔ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس میں  بلوچستان عوام پارٹی کے ناراض ارکان کی شرکت متوقع  ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: ناراض صوبائی وزرا کے استعفے منظور

اپوزیشن کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان  جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے  سے متعلق حتمی لائحہ عمل طے کیے جانے کا امکان ہے۔

ناراض اراکین اسمبلی کا اجلاس ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے کہ جب گورنر بلوچستان تین صوبائی وزرا کی جانب سے پیش کردہ استعفے منظور کرچکے ہیں۔

گورنر نے صوبائی مشیران اور پارلیمانی سیکریٹریز کی جانب سے جمع کرائے جانے والے استعفے البتہ واپس کردیے ہیں کیونکہ آئینی و قانونی اعتبار سے ان کے استعفے منظور یا مسترد کرنے کے وہ مجاز ہی نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں