کرکٹر محمد حفیظ کے پاس جمعہ تک کا وقت ہے ورنہ انہیں ٹیم سے باہر کر دیا جائے گا۔
پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ کو ڈینگی سے صحتیاب ہو کر 8 اکتوبر تک ببل میں رپورٹ کرنا ہو گی بصورت دیگر ان کا ٹیم کے ساتھ سفر کرنا مشکل ہو گا اور سلیکشن کمیٹی ان کی جگہ متبادل کھلاڑی کا اعلان کر سکتی ہے۔
گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میڈیکل پینل نے محمد حفیظ کا بلڈ ٹیسٹ کرایا تھا اور اس کی رپورٹ پر سلیکٹرز ان سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
کرکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ وہ تیزی سے صحتیاب ہو رہے ہیں لیکن انہوں نے 3 ہفتے سے کرکٹ نہیں کھیلی اور بدھ کو وہ قومی ٹی ٹوئنٹی کا میچ نہیں کھیلیں گے۔
ذرائع کے مطابق اگر محمد حفیظ جمعہ کو لاہور ہوٹل کے ببل میں رپورٹ نہیں کرسکے تو کوئی اور کھلاڑی ٹیم کے ساتھ جائے گا۔ دوسری صورت میں انہیں متحدہ عرب امارات جا کر قرنطینہ مکمل کرنا ہوگا اور وہ 2 پریکٹس میچ نہیں کھیل سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کیویز شاہینوں سے مقابلے کے لیے تناو میں؟
پی سی بی ترجمان کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے قوانین کے تحت پاکستانی کرکٹرز کو جمعہ تک ببل میں داخل ہونا ہو گا۔ گھر سے روانگی اور ہوٹل پہنچنے کے بعد انہیں کورونا کی منفی رپورٹ بھی دینا ہو گی۔
8 اکتوبر کے بعد کوئی کھلاڑی ببل میں داخل ہونے کا مجاز نہیں ہو گا ورنہ اس کو قرنطینہ کی مدت امارات میں گذارنا ہو گی۔
ترجمان کے مطابق زیادہ تر کھلاڑی ببل میں ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی دو دن کے لیے گھر گئے تھے اس لیے وہ دوبارہ ببل میں رپورٹ کریں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور کچھ کرکٹرز کو 2 روز کے بعد مزید 2 سے 3 روز کی چھٹی دی گئی البتہ تمام کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچز میں حصہ لیں گے۔