مسجد حرام : کورونا کی وبا کے بعد پہلی بار بیرونی صحن میں نماز کی تیاری


مسجد حرام میں بیرونی صحن کو نماز کی ادائیگی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ کورونا کی وبا کے آغاز کے بعد بیرونی صحن میں نماز ادا کیے جانے کا یہ پہلا موقع ہو گا۔ 

عرب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےحرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے ترجمان ہانی حیدر نےواضح کیا کہ تیاری کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ اس میں قالینوں کا رکھنا، سینی ٹائزیشن اور آب زمزم کی بوتلوں کی فراہمی شامل ہے۔

 یہ بھی  پڑھیں: عمرہ کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

ترجمان کے مطابق آب زمزم کی تقسیم کی جانے والی بوتلوں کی تعداد کو بڑھا کر 25 لاکھ تک کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں سینی ٹائزیشن کے عمل میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق کورونا وبا کی صورت حال بہتر ہونے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعداد 1 لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار  نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی جائے گی۔

ویکسین کا کورس مکمل کرنے والے 70 برس سے زائد عمر والوں کو بھی عمرے کی اجازت دی گئی ہے، اسی طرح 17 اور 18 سالہ مقامی نوجوان بھی ویکسین لگوانے کے بعد عمرہ کرسکیں گے۔

سعودی عرب کی وزارت حج نے مزید بتایا کہ حفاظتی تدابیر اور ایس او پیز کو بھی یقینی بنایا جائے گا اور صرف ویکسین شدہ افراد کو ہی مسجد الحرام میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔

معتمرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مطاف کے صحن میں 25 نئے ٹریک بنائے گئے ہیں جو عبادت گزاروں کے درمیان سماجی فاصلہ برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد حرام اور مسجد نبوی کے خطیبوں کی کورونا ویکسین مہم

سعودی وزارت حج نے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ عمرہ اور نماز کی اجازت کے لیے توکلنا ایپ سے وقت لے سکتے ہیں اور صرف اجازت نامے کے حامل افراد ہی خانہ کعبہ میں نماز ادا کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث دو سال حج کو مختصر اور صرف مقامی افراد کے لیے مختص رہا ہے اور عمرہ زائرین کی تعدد بھی محدود کردی گئی تھیں تاہم اب آہستہ آہستہ تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں