پنجاب اسمبلی میں نواز شریف کے خلاف قرارداد جمع


لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے نوازشریف کے خلاف  آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت ٹرائل کرنے کی قرارداد جمع کرادی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کلبھوشن اور کشمیرمیں مظالم پر خاموش ہیں لیکن ریاست کےخلاف زہر اگل رہے ہیں۔ صوبائی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی جانے والی قرارداد میں الزام لگایا گیا ہے کہ اقتدار کی خواہش میں سابق وزیراعطم نے ملکی سالمیت پر حملے شروع کردیے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما میاں محمودالرشید نے اپنی قرارداد میں کہا ہے کہ نوازشریف کا درآمد شدہ بیانیہ پاکستان کو عالمی دباﺅ میں لانے کی مکروہ کوشش ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف دشمن طاقتوں کے آلہ کار بن کر ملک میں انتشار کی فضا بنارہے ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے مطابق بھارت دانستہ طور پر عدم تعاون کرکے ممبئی حملہ کیس کے ٹرائل میں رکاوٹ رہا۔ میاں محمودالرشید نے قرارداد میں مؤقف اپنایا ہے کہ ریاستی ادارے قابل احترام اور ملکی تحفظ کے ضامن ہیں۔ انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف کی جانے والی ہرزہ سرائی کو یکسر مسترد کیا ہے۔


متعلقہ خبریں