گھر پہنچنے پر شاندار استقبال، اگلی منزل ایشین گیمز ہے، حیدر علی

گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی کے استقبال کی تیاریاں مکمل

ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے قومی ہیرو حیدر علی گھر پہنچ گئے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، کہتے ہیں اب ان کی اگلی منزل ایشین گیمز ہے۔

اپنے گھر پہنچنے پر گفت گو کرتے ہوئے حیدر علی نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں، اللہ نے انہیں موقع دیا اور انہوں نے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا،پاکستانی عوام ، ان کے جوش وخروش اوراستقبال پرشکریہ ادا کرتا ہوں

حیدر علی نے اپنا میڈل پاکستانی عوام کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اب کوشش ہے ایشین گیمز میں پاکستان کا جھنڈا بلند کروں۔

حیدر علی کی آمد سے قبل گوجرانوالہ میں استقبالیہ بینرز آویزاں کیے گئے تھے، حیدر علی گزشتہ شب لاہور ائرپورٹ پہنچے تھے جہاں شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا بھرپور استقبال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پیرا لمپکس میں پاکستان کی فتح، حیدر علی نے گولڈ میڈل جیت لیا

خیال رہے کہ  گوجرانوالہ کے نوجوان حیدر علی  نے پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو میں  گولڈ میڈل جیتا ہے۔

حیدرعلی نے پانچویں باری میں 55اعشاریہ26 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا، حیدر علی پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

حیدر علی 12 دسبر 1984 کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، وہ پولیو کا شکار ہیں،انہوں نے اس سے قبل بھی پاکستان کے لیے دو پیرالمپکس میڈل جیت رکھے ہیں۔

انہوں نے 2008 میں چین میں ہونے والے سمر پیرالمپکس میں سلور میڈل جیت کر پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔ جبکہ 2016 میں وہ لانگ جمپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہو ئے تھے۔


متعلقہ خبریں