آزادی کرکٹ کپ: جیو کو شکست، ہم نیوز چیمپئن


رسجا انٹر میڈیا آزادی کرکٹ کپ کے فائنل میچ میں ہم نیوز نے جیو نیوز کو با آسانی 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کر لی۔

اسلام آباد ایف 7  نیشنل اسٹیڈیم  میں کھیلے گئے میچ میں جیو نیوز کے کپتان قیصر بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بارش سے متاثرہ میچ کو 20 اوورز سے کم کر کے 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

جیو نیوز کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز اینکرپرسن شہزاد اقبال اور حسام احمد نے کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 33 گیندوں پر 44 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

شہزاد اقبال کو ہم نیوز کے طیب نے 16 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ کر دیا۔ جیو نیوز کے رنز کے بہاو کو روکنے کے لیے ہم نیوز کے کپتان ثمر عباس نے سمیر بٹ کو گیند بازی دینے کا فیصلہ کیا۔

جنہوں نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کرتے ہوئے انتہائی دانشمندی سے جیو نیوز کے سب سے اہم بلے باز حسام احمد کو وینو مینکڈ آؤٹ کر دیا۔

حسام کے آؤٹ ہونے کے بعد جیو نیوز کا کوئی بھی بلے باز لمبی باری نہ کھیل سکا۔ اس طرح جیو نیوز نے مقررہ 12 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز اسکور کئے اور ہم نیوز کو جیت کے لیے 83 رنز کا ہدف دے دیا۔

ہم نیوز کی جانب سے سمیر بٹ نے دو جب کہ کپتان ثمر عباس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب کے لیے ہم نیوز کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیر بٹ اور عمر نے کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ کے لیے 49 گیندوں پر 43 رنز کی شراکت داری قائم کی۔

اس موقع پر عمر 19 گیندوں پر 15 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ ٹیم کو فتح دلانے کے لیے کپتان ثمر عباس سمیر بٹ کا ساتھ دینے کریز پر آئے اور دونوں بلے بازوں نے 24 گیندوں پر 40 رنز کی شراکت داری بنا کر ہم نیوز کو فتح دلا دی۔

ہم نیوز کے آل راونڈر سمیر بٹ نے ناقابل شکست 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ٹورنامنٹ میں عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے سمیر بٹ کو بہترین بلے باز کا ایوارڈ دیا گیا۔ بہترین فیلڈنگ کا ایوارڈ ہم نیوز کے غیور کے نام رہا۔

میچ کے اختتام پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔


متعلقہ خبریں