کل کا سونا آج کی مٹی:55کروڑ کے زیورات پیتل میں تبدیل


کراچی: نجی بینک کے ملازمین نے لاکرز میں پڑے 5 کروڑ کے سونے کو پیتل میں تبدیل کر دیا اور اس  جعلسازی کا انکشاف ہیڈ آفس سے آنے والی آڈٹ ٹیم کی چیکنگ پر ہوا۔

گلستان جوہر میں نجی بینک کے مینیجر نے دیگر ملازمین کے ہمراہ کروڑوں روپے مالیت کے زیورات کی جگہ لاکر میں نقلی زیورات رکھ دیئے تھے۔

جوہر موڑ کے قریب واقع نجی بینک کے ملازمین نے اپنے 28 کلائنٹ کے 55 کروڑ قرض کے بدلے رکھے گئے زیورات تبدیل کیے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق 55 کروڑ روپے قرضےکے عوض شہریوں کے زیورات سیل بیگز میں لاکر میں رکھے گئے تھے جب کہ دوران چیکنگ 50 بیگز میں اصل کے بجائے سونے کا پانی چڑھے پیتل کے زیورات موجود تھے۔

جنرل مینیجر ہیڈ آفس کی تحریری شکایت پرشاہراہ فیصل تھانے میں مقدمہ درج کیا۔ پولیس نے جعلسازی کا مقدمہ درج کرکے مینیجر اور ایک خاتون سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
مقدمے میں کیشیر، کاؤنٹر منیجر، گولڈ فنانس ایگزیگٹیو، برانچ منیجر، آپریشن منیجر اور ریلیشن شپ منیجر کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

ایس پی انوسٹی گیشن نے بتایا کہ گرفتار ملزموں کی نشاندہی پر 20لاکھ 30ہزار روپے نقدی اور 4 گاڑیاں بھی ملی ہیں۔

پولیس کے مطابق اب تک 233 میں سے 150 لاکرز چیک کیے جاچکے ہیں جن میں موجود زیورات نقلی ثابت ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہےکہ گرفتار ملزمان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ دیگر ملازمین سے بھی تفتیش کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں