بلاول نے ایک مرتبہ پھر پی ڈی ایم کا حصہ بننے کا اشارہ دے دیا



چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک مرتبہ پھر پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ ( پی ڈی ایم) کا حصہ بننے کا اشارہ دے دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر کام کریں تو پنجاب میں بزدار کو بھگا سکتے ہیں، وفاق میں عمران خان کو بھی ہٹا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن کی دیگر جماعتیں حکومت کو نہیں ہٹا سکتیں تو میں زبردستی تو نہیں کر سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوری، پارلیمانی طریقے سے حکومت کو ٹف ٹائم دے سکتے ہیں، اپوزیشن کے دوستوں کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، اپوزیشن کے دوستوں کو پیغام دوں گا کہ پارلیمانی طریقہ کار اپنایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر حکومت پر آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے انتخابات میں وفاقی وزیر نے پیسے بانٹے، ماضی میں کبھی کشمیر کی تاریخ میں بھی اس طرح کی دھاندلی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ خان صاحب کی حکومت میرے جیالوں کو پکڑے یہ برداشت نہیں کریں گے، نہ ماضی میں پیپلزپارٹی نے سیاسی انتقام برداشت کیا نہ آج کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے آزاد کشمیر میں علما کی نشست کے لیے سابق طالبان نمائندے کو نامزد کیا، اس فیصلے سے دنیا میں بہت غلط تاثر جائے گا۔ پاکستان پیپلزپارٹی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کرتی ہے۔

سندھ میں کورونا سے متعلق بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت کورونا سمیت عوام کی صحت اور زندگی پر بھی سیاست کرنا چاہتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 30 فیصد سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا کی نئی قسم کے پھیلاؤ کی شرح بہت زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں سندھ کی مدد کرنے کے بجائے ہمارا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت کو پتہ تھا کہ کورونا کیسز میں اضافہ کے باعث سندھ حکومت کو سخت فیصلے کرنے پڑیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کراچی میں بھارت جیسی صورتحال ہوئی تو وزیراعظم اور ان کے وزرا ذمہ دار ہوں گے۔


متعلقہ خبریں