پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا مریم نواز کے خلاف بیان شرمناک ہے۔
اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کی جانب سے شرمناک زبان کا استعمال قابل مذمت ہے۔ ان کے الفاظ خواتین کے خلاف نفرت کا اظہار کر رہے تھے۔ ایسی ذہنیت کے حامل لوگوں کو حکومت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے گزشتہ روز آزاد کشمیر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کو ڈاکو رانی کہہ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر میں کٹھ پتلی وزیراعظم لانے کا فیصلہ ہو چکا، مریم نواز
انہوں نے کہا تھا کہ مریم نواز نے آٹھ کروڑ کی سرجری کرائی ہے، تھپڑ مارنے والوں کی دھمکی دینے والوں کو تھپڑ ماریں گے، چوروں کے بچوں کو حکومت نہیں کرنے دیں گے۔
خیال رہے کہ آزاد کشمیر الیکشن کی انتخابی مہم ختم ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کیلئے 7 سو سے زائد امیدواروں میں مقابلہ کل ہو گا۔
آزاد کشمیر کے انتخابات میں 32 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنی رائے دہی کے حق کا استعمال کریں گے۔