امت ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے، خطبہ حج


ریاض: خطبہ حج دیتے ہوئے الشیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ امت ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے۔

مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ قرآن میں فرمایا گیا کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور جدا جدا راستے نہ اختیار کرو۔

رسول اللہﷺ نے فرمایا تم زمین والوں پر رحم کرو، اللہ تم پر رحم فرمائے گا۔ اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا اور اللہ کا حکم ہے کہ والدین کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو۔ اللہ کا فرمان ہے انسان ہو یا جانور، سب سے رحمت کا معاملہ کریں۔

شیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ امت کو چاہیے ایک دوسرے سے شفقت کا معاملہ رکھے اور اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے۔ اللہ نے فرمایا اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہراوَ اور اس کے سوا کسی کو نہ پکارو۔ اللہ نے اپنے اوپر رحم کو لازم کیا۔

خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے فرمایا اپنے رب کی ایسے عبادت کرو جیسے اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے اور اللہ نے فرمایا اللہ کے سوا کسی سے نہ ڈرو۔ اللہ نے قرآن میں فرمایا اس نے انسان کو بہترین انداز میں پیدا کیا اور اللہ نے فرمایا اس نے اپنے بندوں پر احسان کیا اور ان میں سے ہی پیغمبر چنا۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ اللہ نے فرمایا اپنے نفس کا تزکیہ کرو اور تقویٰ اختیار کرو۔ رسول اللہﷺ نےفرمایا جنت میں اللہ کے رحم و فضل کے بغیر کوئی داخل نہیں ہو گا۔ اگر اللہ کا فضل نہ ہوتا تو سب شیطان کی ہی اتباع کرتے اور اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہو چکا ہو۔

رسول اللہﷺ نے فرمایا اپنے ملازمین کے ساتھ احسان کا معاملہ اختیار کرو۔ اللہ زمین پر فساد کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا اور اللہ کسی بندے کی محنت ضائع نہیں کرتا۔

شیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزے مسلمانوں پر فرض کیے گئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ شیطان تمہیں گمراہ کرنے کی کوشش کرے گا اور اللہ نے فرمایا ہر انسان سے اس کے اعمال کا حساب لیا جائے گا اور بشارت ہے ان لوگوں کے لیے جو نیک کام میں جلدی کرتے ہیں۔

خطبہ حج میں کہا گیا کہ کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اس نے زمین اور آسمان کو 6 دن میں تخلیق کیا اور میں نے زمین کو تمہارے لیے مسخر کیا تاکہ تم اللہ کے شکر گزار رہو۔ اللہ نے فرمایا متقی کے لیے جنت کی خوشخبری ہے۔ مرد اور عورت میں جو بھی بھلائی کا کام کرے اس کو اجر دیا جائے گا۔

خطبے میں کہا گیا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں جب کسی کو ہدیہ دو تو اچھا دو اور جو بندہ اپنے نفس پر ظلم کرتا ہے تو اس کے لیے توبہ کا دروازہ کھلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا اگر کسی علاقے میں کوئی مرض پھیلا ہے تو وہاں مت جاوَ اور اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتوں پر ایمان لاؤ جبکہ عداوت اور نفرت کو ختم کرنا چاہیے۔

شیخ بندر بن عبدالعزیز نے کہا کہ معاشرے اور معاشرتی معاملات میں احسان کو قائم رکھو۔ اللہ تعالیٰ نے بندوں کے ساتھ نرمی کا معاملہ فرمایا اور فرمایا کہ میں نے تمہارے لیے دین کامل کر دیا، وہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔


متعلقہ خبریں