اللہ کا شکر ہے، ن لیگ نہیں ٹوٹی، پارٹی اپنا حق لینا سیکھ چکی ہے: مریم نواز


مظفرآباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ن لیگ اب پہلے والی مسلم لیگ (ن) نہیں رہی ہے بلکہ اپنا حق لینا سیکھ چکی ہے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کشمیریوں کا الیکشن چوری کیا گیا تو راجہ فاروق حیدر گھر تک چھوڑ کر آئیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق مظفرآباد میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ نااہل اور نالائق عمران خان نے کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈال دیا۔ انہوں ںے دعویٰ کیا کہ عمران خان جانتا ہے کہ کشمیر کی بیٹی کشمیر کا مقدمہ لے کرمظفر آباد پہنچ گئی تو منہ چھپانے کا موقع نہیں ملے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کی بیٹی اور مظفر آباد والے اکٹھے ہوگئے تو عمران خان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جس دن امریکہ گیا تو کہا گیا کہ ٹرمپ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کرے گا۔ انہوں ںے کہا کہ عمران خان نے امریکہ سے واپسی پر کہا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے ورلڈ کپ جیت کرآرہا ہوں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا کشمیر کو بھارت کی جھولی میں پھینکنا ہی تمہارا ورلڈ کپ تھا؟

ن لیگ کی مرکزی نائب صدر نے کہا کہ اگر کوئی قوم کے ووٹوں سے جیت کرآیا ہوا ہوتا تو کیا وہ یہ کہتا کہ مودی میرا فون نہیں سنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ عمران خان عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈال کر آیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے ہاتھ سے چلا گیا تو کہا گیا کہ 2 منٹ کی خاموشی اختیار کرو۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ دنیا میں اجاگرکرنے کے بجائے قوم سے کہا گیا کہ خاموشی اختیار کرو۔ انہوں نے الزام  عائد کیا کہ کشمیر کو بھارت کی جھولی میں ڈالنے میں عمران خان کی منظوری شامل تھی۔

ہم نیوز کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ سنا ہے کہ عمران خان اب آزاد کشمیر کا رخ کررہا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ  عمران خان تمہارا تو کوئی فون بھی نہیں اٹھاتا اور پھر یہ بتاؤ کہ تم نے پاکستان کے عوام کو کیا دیا ہے؟

مریم نوازنے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کی صورت میں 3 سال سے عذاب مسلط ہے۔ انہوں ںے کہا کہ نوازشریف کے دور میں آٹا، چینی اور بجلی سستی تھی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے جنگ لڑ کر دہشت گردی کو ختم کیا تھا لیکن آج پاکستان میں دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے۔

ملک کی معاشی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی اور نالائقی کے بعد کہتے ہیں کہ سکون اب صرف قبر میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو عمران خان کے دور میں کشمیر لینے کی ہمت کیوں ہوئی؟

مریم نوازنے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن نے آزادکشمیر میں ترقی کے جھنڈے گاڑے ہیں اور اللہ کا شکرہے کہ مسلم لیگ (ن) نہیں ٹوٹی۔ انہوں ںے کہا کہ مسلم لیگ ن اب پہلے والی مسلم لیگ ن نہیں رہی ہے اور اپنا حق لینا سیکھ چکی ہے۔


متعلقہ خبریں