اسلام آباد: لڑکی اور لڑکے کو حراساں کرنیوالے3ملزمان گرفتار


اسلام آباد پولیس نے  لڑکی اور لڑکے کو حراساں کرنے والے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو دیکھ کر کارروائی کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین ملزمان ایک لڑکی اور لڑکے کو بند کمرے میں حراساں کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں ملزم عثمان مرزا کی جانب سے نازیبا زبان بھی استعمال کی گئی۔ آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے وقوعہ کا فوری نوٹس لیا اور ایس ایس پی آپریشنز کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔

ایس پی صدر زون کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے رات گئے کارروائی کرتے ہوئے وقوعہ میں ملوث مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار ملزمان میں عثمان مرزا، فرحان اور عطاء الرحمان شامل ہیں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں