اسلام آباد: دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان خوست میں مسجد پر ہونے والے حملے کی مذمت اور دہشت گردی کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتا ہے، دہشت گردی کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتا ہے، بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیا کو گمراہ کررہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت سے نہتے کشمیری شہید ہو رہے ہیں عالمی برادری کو چاہیے کہ کشمیرکا مسئلہ حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ انہوں کہا کہ پاکستان متنازعہ امور کو مذاکرات سے حل کرنے کا حامی ہے۔
قائداعظم اورسرسید کی تصاویرعلی گڑھ سے ہٹانےکی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی تصویر 1938 سے علی گڑھ یونیورسٹی میں آویزاں تھی۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان میں تو ابھی بھی گاندھی کی تصاویر اور مجسمے موجود ہیں، علی گڑھ یونیورسٹی سے قائد اعظم کی تصویر ہٹانے کا رویہ بھارت کی انتہا پسندی اور جنونیت کا ثبوت ہے۔