کوالالمپور: ملائیشیا میں آج ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وزیراعظم نجیب رزاق اور سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔
ملائیشین الیکشن کمیشن کے مطابق ایک کروڑ 50 لاکھ افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابی کمیشن کو توقع ہے کہ ووٹ ڈالنے کا تناسب 85 فیصد رہے گا۔
شام پانچ بجے تک جاری رہنے والی ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان بدھ کی رات کیا جائے گا۔
مبصرین کے مطابق وزیراعظم نجیب رزاق پر کرپشن کے سنگین الزامات اور سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کی سیاست میں واپسی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
1992 سے 2003 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہنے والے مہاتیرمحمد 2003 میں عہدے سے دستبردار ہوئے تھے۔ 92 سالہ مہاتیر محمد نے ملائیشیا پر 22 سال تک حکمرانی کرنے کے بعد گزشتہ ماہ انتخابی سیاست میں واپسی کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی دیکھیں: مہاتیر محمد کی سیاست میں واپسی نے وزیراعظم کی مشکلات بڑھادیں
مہاتیر محمد کا اپنی واپسی کے متعلق کہنا تھا کہ ’’نجیب رزاق کو باہر کرنے اور اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنے کے لیے سیاست میں واپس آیا ہوں‘‘۔
امریکہ کے جسٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق نجیب رزاق کی حکومت میں ایک سرکاری کمپنی سے ساڑھے چار ارب ڈالر لوٹے گئے۔ تحقیقی رپورٹ کے مطابق 2009 سے 2014 تک ’ون ایم ڈی بی‘ نامی کمپنی سے 70 کروڑ ڈالر نجیب رزاق کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے۔