بلاول بھٹو نے عمران خان کو معاشی مجرم قرار دے دیا

فوٹو: فائل


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عمران خان کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا معاشی مجرم قرار دے دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملکی معیشت کا برا حال کر دیا اور عمران خان ملک کو معاشی تباہی کی جانب لے کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کو نہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگا دیں گے جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جا سکے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کرعمران خان شوکت عزیز اور پرویز مشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنے معاشی جرائم پر ایک عام آدمی سے معافی مانگنا ہو گی۔ سخت شرائط پر قرضے وصول کر کےعمران خان کی کابینہ کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جو کہتے ہیں کورونا نہیں وہ بھارت کی صورتحال دیکھیں، یاسمین راشد

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں۔ پاکستان کی عوام عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان کو آزمانے والوں نے پاکستان کی عوام کو بدترین آزمائش میں مبتلا کر دیا ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین سے پینشن پر 10 فیصد ٹیکس لینے کا منصوبہ مسترد کرتے ہیں اور عوام دشمن پالیسیوں کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے۔


متعلقہ خبریں