فلسطین اور اسرائیل کے درمیان11 روز خوں ریزی کے بعد جنگ بندی ہوگئی ہے۔ حماس نے بھی اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کی تصدیق کر دی ہے۔
جنگ بندی کے معاہدے پرعمل درآمد پاکستانی وقت کے مطابق عمل جمعے کی صبح 4 بجے ہوا۔ غزہ میں جشن منایا گیا۔ فلسطینیوں نے آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اسرائیل کے حملوں سے 11دن میں اسرائیلی حملوں کے دوران 232 فلسطینی شہید اور 1900 سے زائد زخمی ہوئے، شہداء میں 65 بچے اور 39 خواتین بھی شامل ہیں۔
حملوں میں 1 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ حماس کے حملوں میں 12 اسرائیلی بھی مارے گئے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اور فلسطینی قیادت کی ذمےداری ہے جنگ کے بنیادی اسباب پر غور کے لیے بات چیت کریں۔
پاکستان نے جنگ بندی کے اعلان پر خیر مقدم کیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ اجتماعی اقدام کی طاقت ہے۔ دعا ہے کہ جنگ بندی فلسطین میں امن کی جانب پہلا قدم ہو۔
تل ابیب کے مقامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی کابینہ نے جنگ بندی کی منظوری’خاموشی کے بدلے خاموشی‘ کی بنیاد پر دی گئی ہے۔
اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو کی سکیورٹی کابینہ نے گیارہ روزہ فوجی کارروائی کو فوراً روکنے کے لیے یکطرفہ جنگ بندی کی منظوری دی تھی۔