پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی فلسطین امن مشن پر نیو یارک پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی سفیر اسد مجید اور مندوب منیر اکرم نے وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔
ترکی، فلسطین اورتیونس کے وزرائے خارجہ بھی شاہ محمود قریشی کے ہمرا تھے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے تشریف لانے والے وزرائے خارجہ کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
عشائیہ میں ترکی، فلسطین، تیونس کے وزرائے خارجہ کے علاوہ صدر جنرل اسمبلی والکر بوزکر اور او آئی سی ممالک کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوبین نے شرکت کی۔
وزیر خارجہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں نہتے فلسطینیوں پر ڈھائی جانے والی بربریت، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور امن و امان کو درپیش شدید خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے، اس نئے انسانی المیے کے تدارک کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر خارجہ نے ،اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں، مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے اور عالمی برادری کی توجہ فلسطین کی تکلیف دہ صورتحال کی جانب مبذول کروانے کیلئے تفصیلی مشاورت بھی کی۔
شاہ محمود قریشی آج فلسطین کی صورتحال پر جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جنرل اسمبل اجلاس سے خطاب میں وزیر خارجہ عالمی برادری کی توجہ فلسطین میں اسرائیل کی جانب سےانسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی جانب مبذول کروائیں گے۔
وزیر خارجہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ نیو یارک میں بین الاقوامی میڈیا سے گفتگو بھی کریں گے اور فلسطین کی صورتحال پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
قبل ازیں شاہ محمود قریشی نے فلسطینی وزیرخارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی سے ملاقات کی اور فلسطین کی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
شاہ محمود قریشی نے قبل ازیں ترکی کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے انقرہ میں اپنے ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی۔ بات چیت کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک وزیر خارجہ میولوت چاوش اولو نے او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے مظلوم فلسطینیوں کی مسلسل اور بھرپور حمایت کو سراہا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا غزہ میں اسرائیلی حملوں، رمضان المبارک اوعیدالفطر کے دوران فلسطین میں پرتشدد واقعات کے تسلسل سے پوری امت مسلمہ دل گرفتہ ہے۔