واشنگٹن: امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو سے کہا ہے کہ وہ کشیدگی کو کم کرتے ہوئے تنازع کو جنگ بندی کی طرف لے جائیں۔
برطانیہ: رکن پارلیمنٹ کا مطالبہ، اسرائیل پر پابندیاں لگائیں، فلسطین کو تسلیم کریں
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیر نیتن یاہو سے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ تنازع کی شدت کو کم کرنے کے لیے اسرائیل کشیدگی میں کمی لائے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف سے عام شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بدھ کو بتایا ہے کہ امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو ٹیلی فونک رابطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کہا ہے۔
حیرت انگیز امر ہے کہ امریکی صدر نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پانچ مرتبہ اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک بات چیت کی ہے لیکن ایک مرتبہ بھی انہوں نے کشیدگی کم کرنے کےلیے نہیں کہا جب کہ اب انہوں نے یہ بات ایک ایسے وقت میں کہی ہے کہ جب مصر میں تنازع کے فریقین کے درمیان ہونے والے خفیہ مذاکرات کسی حد تک نتیجے پر پہنچتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس کی تصدیق اب مصری سکیورٹی فورس کے ذرائع نے بھی کردی ہے۔
اسرائیل کو اپنا تکبر و غرور خاک میں ملانے والے کمانڈر کی تلاش
اسرائیل کے وزیراعظم نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ جنگ بندی کے لیے وقت کا تعین کر سکتے ہیں۔
عرب ذرائع ابلاغ سمیت دیگر عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق سرائیل کی فضائیہ نے فلسطین پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ غزہ سے حماس کے عسکریت پسندوں نے سرحد پار راکٹ فائر کرنے کا نیا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مصر کی سکیورٹی فورس نے کہا ہے کہ دونوں فریق ثالثوں کی مدد سے اصولی طور پر جنگ بندی پر راضی ہو گئے ہیں لیکن ابھی تفصیلات طے ہونا باقی ہیں جس کی وجہ سے مذاکرات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔
فلسطین کے محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ 10 مئی کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک فضائی حملوں میں 223 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق بمباری سے سڑکیں، عمارات اور دیگر انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بحران کے شکار غزہ کی صورتحال مزید تباہ کن ہو گئی ہے۔
لندن: خاتون پولیس افسر کے دوران ڈیوٹی فلسطین کے حق میں نعرے
اسرائیلی حکام کے مطابق اسرائیل میں راکٹ حملوں کے نتیجے میں 12 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ اس دوران بھگدڑ مچتی ہے کیونکہ شہری جان بچانے کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کی طرف بھاگتے ہیں۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جوبائیڈن اور نیتن یاہو نے غزہ میں رونما ہونے والے واقعات پر تفصیلی گفتگو کی جس کے دوران حماس اور دیگر عناصر کی صلاحیتوں کو کم کرنے میں اسرائیلی پیشرفت اور امریکی و علاقائی حکومتوں کی سفارتی کوشش پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم نتن یاہو سے کہا کہ ان کو توقع ہے کہ آج کشیدگی کم کرنے کی جانب واضح پیش رفت ہوگی جو جنگ بندی کے راستے کی طرف جائے گی۔
اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم: فلسطین کا جھنڈا فٹبالر پول پوگبا نے لہرا دیا
خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی جانب سے وائٹ ہاؤس کے اس بیان پر ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔