کراچی: شہر قائد میں چلنے والی تیز آندھی اور ہونے والی بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے حادثات میں ایک بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جب کہ 7 زخمی ہوئے ہیں۔
کراچی: گرمی کے بعد بارش، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل
ہم نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کلفٹن تین تلوار پر رہائشی پلازہ کی تیسری منزل سے گر کر بچہ جاں بحق ہوگیا ہے۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی عمر8 سالہ بتائی گئی ہے جب کہ اس کی شناخت شان کے نام سے ہوئی ہے۔
امدادی اداروں کے مطابق بلدیہ گلشن غازی میں گھر کی چھت گر گئی ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ہم نیوز کے مطابق اورنگی ٹاؤن 13 نمبر میں چھت گرنے سے دو خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔ گلشن اقبال کے بڑے شاپنگ مال کا سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص زخمی ہوا ہے جب کہ گلشن معمار میں آندھی کے باعث درخت گر گئے ہیہں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی اور بارش کے بعد ٹریفک بھی جام ہوگیا ہے۔ اطلاعات کےمطابق میٹروپول اور ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہونے کے باعث گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔
بھارت: سمندری طوفان تاؤتے گجرات سے ٹکرا گیا
ہم نیوز کے مطابق کے الیکٹرک کی مختلف علاقوں میں تاریں ٹوٹنے کی بھی اطلاعات ملی ہیں۔اورنگی ٹاؤن میں پی ایم ٹی پول سمیت ٹوٹ کر گر گیا ہے۔ سڑک پر بجلی کی تاریں اور پی ایم ٹی گرنے سے شہریوں میں خوف و ہراس بھی پھیلا ہے۔
اطلاعات کے مطابق شکایت درج کرانے کے باوجود عملہ تاحال جائے وقوع پر نہیں پہنچ سکا ہے۔ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی بجلی کی تاریں ٹوٹنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
بارش کے بعد شہر کا بیشتر حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور کے الیکٹرک کے 925 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، اسکیم 33، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، کورنگی، لانڈھی، ملیر، شاہ فیصل، ایئرپورٹ، گڈاپ، اولڈ سٹی ایریا اور سائٹ ایریا میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
بھارت: سمندری طوفان سےجہاز ڈوب گیا، 127افرادلاپتہ
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں تیز ہوا کے جھکڑ چل رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سائیکلون نہیں ہے کیونکہ سمندری سائیکلون پاکستانی حدود سے گزر چکا ہے۔ محکمے کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہوائیں مزید کچھ دیر کے لیے ہیں۔