ساڑھے 4 سال ٹیکس کی مد میں کھربوں کا نقصان کرنے والوں کا احتساب ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پتہ نہیں کہاں سے صاف اور شفاف حکومت چلی تھی، ہماری اجتماعی کوششوں سے بہتری آئی ہے، بہت کچھ ٹھیک کرنا ہے جس کے لیے محنت کرنی ہوگی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بجلی کی چوری میں کمی کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ بجلی کی چوری میں کمی کے لیے ٹرانسمیشن لائن سے متعلق فیصلے کیے، بجلی سستی کرنے کے لیے حکومت کوشش کررہی ہے۔

وزیراعظم کی راناثنااللہ اور سعد رفیق کو حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہماری ایکسپورٹ اور ترسیلات زرمیں اضافہ ہوا ہے، معاشی اصلاحات کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ کچھ روز پہلے معاشی صورتحال سے متعلق رپورٹ شائع ہوئی، رپورٹ میں معاشی اشاریوں کی بہتری کی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ یف بی آر کھربوں روپے کماتا ہے اور اربوں کے واجبات میں پھنسے ہیں۔ قوم کے لیے اربوں روپے کی متوقع آمد کو مکمل برباد کردیا گیا، ایف بی آر ایک ارب چھوڑ کر10 ارب خرچ کرتا ہے تاکہ رقم خزانے میں آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ دنوں کچھ معاملات کا جائزہ لیا جو قوم سے مذاق کے سوا کچھ نہیں تھا۔ سگریٹ کی مینوفیکچرنگ کا ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم فراڈ کے سوا کچھ نہیں تھا۔ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے معاہدے پر انکوائری کمیٹی بنادی ہے جو معاہدے سے متعلق 72 گھنٹے میں رپورٹ دے گی

اہم تعیناتیوں اور آسامیوں کی تخلیق میں وزیراعظم کا اختیار ختم کر دیا گیا

تحریک انصاف دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں کہاں سے صاف اور شفاف حکومت چلی تھی۔ ساڑھے 4 سال کے عرصے میں قوم کا ٹیکس کی مد میں کھربوں کا نقصان کیا گیا، معیشت کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے، معیشت کو بہتر کرنا ترجیح ہے۔ ملک میں سرمایہ کاری اور نجکاری پر کام تیزی سے ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے ۔

اعلامیہ کے مطابق مکران ڈویژن میں منشیات کے مقدمات نمٹانے کیلئے خصوصی عدالت کے قیام کی منظوری دی گئی ،خصوصی عدالت کا دائرہ اختیار پنجگور، کیچ، گوادر، حب اور لسبیلہ تک ہوگا ،اجلاس میں ہدایت کی گئی خصوصی عدالت میں اچھی شہرت کے ججز تعینات کیے جائیں ،خصوصی عدالت میں استغاثہ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

افغان مہاجرین کے پروف آف رجسٹریشن کارڈز کی معیاد میں 30جون تک توسیع کی منظوری بھی دیدی گئی،پروف آف رجسٹریشن کارڈ ہولڈرز اسکول ، بینک اکاؤنٹس اور دیگر سہولیات کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پی او آر کارڈ ہولڈرز کو تیسرے مرحلے میں اپنے وطن واپس بھیجا جائے گا،پاکستان میں مقیم غیر ملکی باشندوں کو وطن واپس بھیجنے کا پہلا مرحلہ جاری ہے۔

وفاقی سیکریٹری برائے نجکاری نے پی آئی اے کی نجکاری پر پیش رفت سے آگاہ کیا ،بریفنگ میں بتایا گیا قومی و بین الاقوامی اخبارات میں اظہارِ دلچسپی کی دعوت کے اشتہارات شائع ہوچکے ہیں۔

اظہارِ دلچسپی کی دعوت کے اشتہارات کی آخری تاریخ 3 مئی ہے ،متعدد کمپنیوں نے پی آئی اے کی نجکاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے،وفاقی کابینہ نے ہدایت کی کہ پی آئی کی نجکاری میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دی جائے ۔

سیکریٹری ایوی ایشن نے ہوائی اڈوں خصوصاً لاہور اور کراچی میں سہولیات کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی ، شرکا کو بتایا گیا ہوائی اڈوں پر سروس کاؤنٹرز میں اضافہ کیا گیا ہے ،ہوائی اڈوں پر سہولیات کی مزید بہتری پر کام جاری ہے ْ

اجلاس میں بریفنگ دی گئی زراعت میں ڈرؤن ٹیکنالوجی کے استعمال پر مشاورت حتمی مراحل میں ہے ، شعبہ زراعت میں ڈرؤن پالیسی جلد منظوری کیلئے کابینہ میں پیش کی جائے گی ۔

کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے18 اپریل کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی ۔


متعلقہ خبریں