بیکنگ کے ذریعے بننے والی اکثر مصنوعات کے لیے انڈے کی زردی اور سفیدی کو الگ الگ کرکے استعمال کرنا پڑتا ہے مگر یہ کام اتنا آسان نہیں ہے کیونکہ اکثر اوقات زردی اور سفیدی آپس میں مکس ہو جاتی ہے۔
کیک بنانا ہو یا بسکٹ، کبھی الگ سے انڈے کی سفیدی کی ضرورت ہوتی ہے تو کبھی زردی کی اور ان دونوں کو الگ کرنا خاصا دشوار گزار عمل ہوتا ہے مگر اب یہ کام بہت ہی آسان ہو گیا ہے۔
آسٹریلیا کے شہر پرتھ کی رہائشی ایک خاتون کیرولینا میک کیولے نے انڈے کی زردی اور سفیدی کو الگ کرنے کا ایک نہایت ہی آسان طریقہ سوشل میڈیا صارفین سے شیئر کیا ہے۔
اس طریقے پر عمل درآمد کے لیے آپ کو چاہیے ایک عدد سوراخوں والا بڑا چمچ اور دو ڈونگے۔
یہ بھی پڑھیں: انڈا آپ کی جان لے سکتا ہے
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن (ایپ) انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ سوراخوں والے چمچ کو ڈونگے پر رکھیں اور انڈا توڑ کر اس میں ڈالیں۔
انڈے کی سفیدی پتلی ہونے کی وجہ سے سوراخوں میں سے بہہ کر ڈونگے میں چلی جائے گی جبکہ زردی نہایت ہی آسانی سے مکمل طور پر چمچ میں ہی رہ جائے گی۔
میک کیولے کی شیئر کی گئی ویڈیو کو تھوڑی سی ہی دیر میں 10 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ انتہائی آسان طریقہ ہے اور اس کا خیال ہمیں پہلے کبھی بھی نہیں آیا۔