لندن کے ٹاور برج پر پہلی اذان کی آواز بلند


برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ٹاور برج پر پہلی مرتبہ اذان دی گئی۔

گزشتہ روز رمضان کے آخری جمعہ کو افق پر سورج غروب ہوتے ہی بنگلہ دیشی نژاد برطانوی شہری قاضی شفیق الرحمن نے لندن کے ٹاور برج پر اذان دی۔

جمعہ کے روز بین مذاہب ورچوئل افطاری کا حصہ بننے والے قاضی شفیق الرحمٰن نے مکہ مکرمہ کی گرینڈ مسجد کے موذن شیخ علی احمد مولا کے انداز میں اذان دی۔

بین المذاہب افطاری کا اہتمام ہیملیٹس ہومز، ایسٹ لندن مسجد و لندن مسلم سینٹر اور ٹاور ہیملیٹس نے کیا تھا۔ افطاری سے قبل قاضی شفیق الرحمٰن نے اذان دی جس کے بعد لوگوں نے روزہ کھولا۔

خانہ کعبہ کے مؤذن کے طرز کی اذان سننے کے لیے عوام کا مجمع لندن برج ٹاور پر اکٹھا ہوگیا۔

مزید پڑھیں: اذان دینے پر موذن قتل

اذان کی ریکارڈنگ کے لیے میڈیا سے تعلق رکھنے والے کیمرہ مین بھی اکٹھے ہوئے، جبکہ لوگوں نے اپنے موبائل فونز پر بھی اذان کو ریکارڈ کرلیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے والتھم فارسٹ کی دس مساجد میں لاؤڈ سپیکر پر اذان دینے کی اجازت مل گئی تھی۔

والتھم سٹو کونسل آف ماسک کی جانب سے درخواست پر برطانوی حکومت کی جانب سے لندن کے مختلف علاقوں میں 10 مساجد کو لاؤڈ سپکر پر اذان کی اجازت دی گئی تھی۔ فی الحال صرف رمضان میں ہی یہ اجازت دی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں