برسلز: بیلجیئم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہزاروں پسٹل اور رائفلوں کو ایک بھٹی میں پگھلا کر اسے فولاد میں ڈھال دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے 22 ہزار رائفلیں اور دیگر آتشیں اسلحہ ملک بھر سے جمع کیا تھا اور جب اسے بھٹی میں پگھلایا گیا تو 60 ٹن خام فولاد حاصل ہوا۔
مالکان نے یہ اسلحہ خود پولیس کے حوالے کیا تھا اور اکثریت کو ان کے بزرگوں سے یہ اسلحہ وراثت میں ملا تھا لیکن وہ اسے مزید رکھنا نہیں چاہتے اور انہوں نے خودساختہ طور پر یہ اسلحہ پولیس کے پاس جمع کرا دیا تھا۔
ایسٹ فلینڈرز کی گورنر کرینا وان کاؤٹر نے کہا کہ اس میں سے نصف اسلحہ پولیس کے وہ ہتھیار تھے جو پرانے ہوچکے تھے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے معاشرے سے اسلحے کی اتنی بڑی مقدار کم ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ تمام ہتھیاروں کی تعداد 22 ہزار 457 ہے۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارے شہری اب قدرے محفوظ ہوں گے اور اسلحہ اب زیرِ استعمال نہیں رہا۔
یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس اور میلنڈا میں شادی کے 27 سال بعد علیحدگی
تمام اسلحہ کو ٹرکوں میں بھر کر ایک پلانٹ تک لایا گیا تھا جہاں اسے پگھلایا گیا۔ تمام اسلحے کو پگھلانے میں تین روز کا عرصہ لگا۔