برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار اسپتال منتقل

فوٹو: فائل


برصغیر کے عظیم اداکار دلیپ کمار کو طبی معائنے کے لیے اسپتال داخل کروا دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  طویل عرصے تک بالی ووڈ پر راج کرنیوالے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمارکو معمول کے چیک اپ کے لیے اسپتال لایا گیا ہے۔

دوسری جانب ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ دلیپ کمار کے معمول کے چیک اپ کے لیے اُنہیں اسپتال لیکر آئی ہیں۔

پشاور: دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات خریدنے کیلیے فنڈز کی منظوری

سائرہ بانو نے کہا کہ انشااللہ جلد دلیپ کمار کو چیک اپ کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کرکے گھر واپس لے جائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارت میں دلیپ کمار کے نام سے پہچانے جانے والے  ٹریجڈی کنگ محمد یوسف خان 1922 میں پاکستان کے شہر پشاور میں پیدا ہوئے، 1940 میں بھارت کے شہر پونے منتقل ہوئے اور خشک میوہ جات کی فروخت کو ذریعہ معاش بنا لیا۔

برصغیر کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ستارے نے فنی زندگی کا آغاز جوار بھاٹا سے کیا، فلم جگنو میں لازوال کردار نبھانے پر انہیں  ٹریجڈی کنگ یعنی المیہ کرداروں کا بادشاہ پکارا جانے لگا۔

60 سالہ فلمی کریئر پر محیط سفر میں دلیپ کمار نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، انہیں بالی ووڈ کی تاریخ کا کامیاب اور عظیم ترین اداکار تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے 1966 میں بالی ووڈ اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔ بالی ووڈ کے اس جوڑے کو آج بھی احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ہر کردار کو دل سے نبھا کر امر کرنے والے دلیپ کمار کو بھارتی حکومت نے 1995 میں ہندوستان کے سب سے بڑے فلمی ایوارڈ “دادا صاحب پھالکے ایوارڈ” سے نوازا۔

حکومت پاکستان نے بھی انہیں سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا تھا، دلیپ کمار پاکستانی حکومت کی جانب سےیہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔


متعلقہ خبریں