آج سے ملک بھر میں 50 سے 59 سال کے افراد کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جارہی ہے جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو دوسری ویکسین لگائی جارہی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں قائم سنٹرز میں شہریوں کو مفت کورونا ویکسین لگائی جارہی ہے۔
پاکستان میں کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے اور ملک میں ویکسینیشن کے آغاز کو دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب تک 30 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے پاکستان کے 26 اضلاع ہائی رسک قرار دیئے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کورونا ویکسین کے نام پر خالی ٹیکہ لگا دیا
ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔
ویکسینیشن کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام مل کر کورونا کو شکست دیں گے، عوام کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاط کریں۔