پھل کیوں کھانے پر راولپنڈی میں سوتیلے باپ نے بیٹے پربہیمانہ تشدد کیا اور پلاسٹک کے پائپ سے بچے کو پیٹتا رہا،۔بچہ چلاتا رہا لیکن ظالم باپ کوذرا ترس نہ آیا۔
ویڈیو سامنے آنے پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتارکر لیا۔
یہ افسوسناک واقع تھانہ بنی کے علاقے پھگواڑی میں پیش آیا،جہاں نوید نامی شخص نے اپنے سوتیلے بیٹے طیب کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ویڈیو میں بچہ کہہ رہا ہے کہ پاپا میں نے فروٹ نہیں کھایا جب کہ بچے کی والدہ خاوند کو روکنے کی کوشش کررہی ہیں مگر ظالم شخص اپنے بیٹے کو تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
مزید پڑھیں: پشاور: نوجوان پر تشدد کرنے والے دو ایس ایچ اوز کی درخواست ضمانت خارج
پولیس کے مطابق ویڈیو سامنے آنے پر سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی محمد احسن یونس کی پالیسی اور ہدایات کے مطابق تھانہ بنی میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
ایس ایچ او بنی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے بچے پر تشدد کرنے والے شخص محمد نوید کو گرفتار کرلیا۔
سی پی او کا کہنا ہے کہ ملزم کوقرار واقعی سزا دلوانے کیلئے بچے کے میڈیکل سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔ سی پی او کا کہنا ہے کہ پھول سے بچے شفقت اور توجہ کے حقدار ہیں، بچوں پر تشدد ناقابل برداشت ہے۔