برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کی ایک کار کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں2 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
برطانوی آن لائن اخبار ڈیلی میل کے مطابق گزشتہ شب2019 ماڈل کی ٹیسلا گاڑی درخت سے ٹکرا گئی۔ گاڑی خود کار طریقے سے چل رہی تھی اور اس کی ڈرائیونگ سیٹ پر کوئی نہیں تھا۔
کار میں ایک شخص سامنے والی مسافر سیٹ پر بیٹھا تھا اور دوسرا پیچھے بیٹھا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تیزرفتار گاڑی موڑ کاٹنے میں ناکام رہی اور سڑک کے نیچے درخت سے جا ٹکرائی۔
آگ بجھانے والے عملے نے چار گھنٹوں میں32ہزار گیلن پانی استعمال کیا کیوں کہ کار کی بیٹریاں مسلسل آگ میں اضافہ کر رہی تھیں۔ فائر بریگیڈ حکام نے ٹیسلا کمپنی سے رابطہ بھی کیا تاکہ بیٹریوں کی آگ بجھانے کا کوئی طریقہ معلوم کیا جائے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا اور اس سلسلے میں ٹیسلا کمپنی سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکا کی نیشنل ہائی وے ٹریفک سیفٹی ایڈمنسٹریشن (این ایچ ٹی ایس اے) ایسے 23 حادثات کی چھان بین کر رہی ہے جن کے متعلق شک ہے یہ ٹیسلا کی خودکار گاڑیوں کو پیش آئے، جو کہ آٹو پائلٹ موڈ پر تھیں۔