سمندر میں بدترین ٹریفک جام کی سیٹلائٹ تصویریں سامنے آگئیں


دیوہیکل گارگو کنٹینر کے سمندر میں پھنس جانے کے سبب دنیا کے سب سے بڑے بحری تجاری راستے میں ٹریفک جام کی سیٹلائٹ تصوریں سامنے آگئی ہیں۔

بحیرہ احمر کو بحیرہ روم سے ملانے والی نہر سویز میں دنیا کا سب سے بڑا تجارتی جہاز ایور گرین پھنس جانے کے باعث سمندر میں ٹریفک جام ہوکر رہ گیا ہے جس کے سبب سمندر میں کنٹینروں اور کشتیوں کی لمبی قطار لگ گئی ہے۔

برطانوی آن لائن اخبار دی میل کی ایک رپورٹ کے مطابق دو روز قبل ایور گرین نامی جہاز مصر کی سویز نہر سے گزرتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھ سکا اور نہر میں ہی پھنس گیا۔ نہر سویز 193 کلومیٹر طویل اور 205 میٹر چوڑی ہے جبکہ اس میں پھنسنے والا جہاز ایور گرین 400 میٹر لمبا اور 60 میٹر چوڑا ہے.

رپورٹ کے مطابق سمندری راست کے دونوں اطراف اب تک دو سو کے قریب سمندری جہازوں کی قطار لگ گئی ہے۔ تیز لہروں اور سمندری ہواؤں کے سبب تائیوان سے ڈنمارک جانے والا کنٹینر اپنا توازن کھو بیٹھا تھا اور سمندر میں پھنس کر رہ گیا ہے۔

جہاز کی مالک کمپنی ایور گرین  مرین کارپس کے مطابق گزشتہ روز ایور گرین بحری جہاز چین سے نیدر لینڈز کے شہر روٹر ڈیم جا رہا تھا، نہر سویز کو پار کرتے ہوئے ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے اس کی سمت بدل گئی اور اس نے نہر کو بلاک کردیا۔

سمندر میں کنٹینر کے پھنسنے کے سبب مصری حکام اور شپنگ کمپینیز کی انتظامیہ افریقہ کے راستے جہاز گزارنے پر غور کررہے ہیں لیکن سیکیورٹی تحفظات کے سبب اس حوالے سے فیصلہ نہیں کیا جاسکا ہے۔

مزید پڑھیں: دیوہیکل بحری جہاز نہر سویز میں پھنس گیا، اہم تجارتی راستہ بند

رپورٹ کے مطابق کھربوں ڈالر مالیت کے سامان سے لدے کنٹینروں کے کپتانوں کا کہنا ہے کہ مشرقی افریقہ کے راستے سے بحری جہازوں کو گزارتے ہوئے قذاقوں کے حملوں کو رد نہیں کیا جاسکتا ہے۔

بحرہ احمر میں تعینات امریکی بحریہ کے پانچویں فلیٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ پچھلے دو دن سے شپنگ کمپنیوں نے ان سے رابطہ کرکے متبادل راستے سے جہاز گزارنے کی درخواست کی ہے۔

شنگھائی میں موجود چائینہ شپ اونرز ایسوسی ایشن کے منیجر ژاؤ کنگ فینگ نے کہا ہے کہ افریقی روٹ کا انتخاب کرنے والے جہازوں کو محفوظ طریقے سے گزرنے کے لیے اضافی سیکیورٹی اٹھانا ہوگی۔

ہانگ کانگ شپنگ کونسل کے سربراہ ولی لن کا کہنا ہے کہ اگر بحران برقرار رہا تھا جہازوں کا بین الاقوامی اتحاد جہازوں کے کارگو کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے گا۔

حکام کی جانب سے حتمی طور پر نہیں بتایا گیا ہے کہ پھنسے ہوئے ٹینکر کو ہٹانے اور سمندری ٹریفک کو بحال کرنے میں کتنا مزید وقت لگے گا۔ دوسری جانب پھنسے ہوئے کنٹینر کو اپنی جگہ سے ہٹانے کے لیے جہاز کے نیچے اب تک 52 فٹ تک کی کھدائی کی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں