پاکستان: شب معراج آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

پاکستان: شب معراج آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے

اسلام آباد: دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آج شب معراج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

مسجد آیا صوفیہ: 87 سال بعد شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی

خالق کائنات اللہ رب العزت نے آج ہی کی شب اپنے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺ کو بلا کر اپنا دیدار کرایا تھا۔

شب معراج جہاں عالم انسانیت کو ورطہ حیرت میں ڈالنے والا واقعہ ہے تو وہیں یہ امت مسلمہ کے لیے عظیم فضیلت والی رات بھی قرار دی گئی ہے۔

اسراء اور معراج کے واقعے نے فکرِ انسانی کو ایک نیا موڑ عطا کیا۔ اس کے نتیجے میں فکر و نظر کی رسائی کو وسعت حاصل ہوئی۔ یہ واقعہ پیغمبر اسلام  کا امتیازی معجزہ ہے۔

شب معراج  پر محبوب خدا نے مسجد الحرام سے مسجد الاقصیٰ اور وہاں سے آسمانوں کی سیر کرکے اللہ کی نشانیوں کا مشاہدہ کیا۔

یہ واقعہ ہجرت سے پانچ سال قبل پیش آیا۔ سرور کائنات، رحمت اللہ العالمین کے لیے اعلان نبوت کا بارہواں سال مصائب و مشکلات سے گھرا ہوا تھا۔ اسی دوران  اللہ کریم نے اپنے محبوب ﷺ کو ملاقات کا شرف بخشا۔

ملک بھر میں شب معراج عقیدت و احترام سے منائی گئی

شب معراج کے موقع پر مساجد، مزارات اور خانقاہوں پہ کورونا وائرس کی وجہ سے ایس او پیز کے ساتھ  مختصر خصوصی محافل کا انعقاد کیا گیا تو وہیں گھروں پہ بھی لوگوں نے خصوصی اہتمام کیے ہیں۔ علمائے کرام نے بھی لوگوں کو تلقین کی ہے کہ وہ گزشتہ سالوں کی نسبت امسال انفرادی طورپر گھروں پہ عبادات و اذکار کی محافل منعقد کریں تاکہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

مسلمانان اس بابرکت موقع  پر خصوصی نوافل کی ادائیگی کر رہے ہیں، ذکر و اذکار میں مصروف ہیں اور اللہ رب العزت کے حضور گڑ گڑا کر توبہ و استغفار کی تسبیحات کررہے ہیں۔

شب معراج کے موقع پر غربا، مساکین اور نادار افراد میں خصوصی طور پر کھانے تقسیم کیے گئے ہیں اور نذر نیاز کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

شب معراج کے حوالے سے کی جانے والی خصوصی عبادات کا سلسلہ صبح آذان فجر تک جاری و ساری رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، مظفرآباد اور حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں سیکیورٹی کے حوالے سے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

علماء کی شب معراج کے موقع پر انفرادی عبادات کی اپیل

ہم نیوز کے مطابق سیکیورٹی افسران و اہلکاروں نے سڑکوں پہ خصوصی چیکنگ و پٹرولنگ کا اہتمام کیا ہے اوراس بات کویقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں کہ شب معراج کے موقع پر امن و امان کی صورتحال میں کسی شرپسند کو رخنہ انداز ہونے کا موقع میسر نہ آئے۔


متعلقہ خبریں