شہزادہ ہیری کی بیگم اور اداکارہ میگھن مارکل نے کہا ہے کہ برطانوی شاہی خاندان کا حصہ بننے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا کو وہ زندہ ہی نہیں رہنا چاہتی تھیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی چینل سی بی ایس پر میزبان اوپرا ونفری کو دیے گئے انٹرویو میں میگھن مارکل نے انکشاف کیا کہ جب وہ شاہی خاندان کا حصہ تھیں تو انھوں نے خودکشی کے بارے میں سوچا تھا اور جب انھوں نے مدد مانگی تو انھیں کوئی سہارا نہیں ملا۔۔
ڈچس آف سسیکس اور اداکارہ میگھن مارکل نے مزید کہا کہ شاہی خاندان کے ایک فرد کو یہ فکر لاحق تھی کہ ان کی آنے والی اولاد کا رنگ کتنا زیادہ سیاہ ہوگا۔
پرنس ہیری نے امریکی میزبان کو بتایا کہ وہ اب مالی امداد کے معاملے پر شاہی خاندان سے مکمل الگ ہوگئے ہیں اور جوڑے نے کمائی کے لیے نیٹ فلکس اور اسپاٹیفائی سے اشتہاری معاہدے کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب وہ شاہی خاندان کا حصہ بن گئیں تو وہ ان کے طور طریقوں سے ناآشنا تھیں اور ملکہ برطانیہ سے پہلی ملاقات میں انہیں تعظیم سے ملنے کا کہا گیا تو انہیں حیرت ہوئی۔
مزید پڑھیں: میگھن مارکل نے شاہی خاندان کے راز افشاں کر دیئے
شہزادہ ہیری نے اپنے خاندان اور خاص کر اپنے والد کے ساتھ ’خراب تعلقات‘ کا ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح شاہی خاندان نے ان کی معاشی مدد مکمل طور پر بند کر دی ہے۔
انٹرویو کے دوران شہزادہ ہیری نے انکشاف کیا کہ ان کی آنے والی اولاد بیٹی ہے اور گرمیوں کی اس کی ولادت ہوگی۔
امریکی چینل سی بی ایس پر اتوار کی شب نشر ہونے والے اس انٹرویو میں شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ نے اُن وجوہات کا ذکر کیا جن کے باعث انھوں نے شاہی زندگی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا اور اب یہ جوڑا امریکہ میں مقیم ہے۔
انٹرویو میں دونوں نے دل کھول کر اپنا موقف بیان کیا ہے اور یہ بتایا ہے کہ شاہی خاندان کے ساتھ گزرے وقت کے دوران انھیں کن تلخ تجربات کا سامنا کرنا پڑا۔