اسلام آباد: شہرِ اقتدار میں 2 ٹرک ڈرائیورز قتل ہونے کے بعد دو ایس ایچ اوز معطل کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد کے آئی جے پی روڈ پر مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کے دوران ٹرک نہ رکنے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ڈاکوؤں کی سرعام فائرنگ، ایک شخص زخمی
شہر اقتدار کے تھانہ شمس کالونی سے سبزی منڈی تک آئی جے پی روڈ پرموٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے راہ چلتے ٹرکوں کو روکنے کی کوشش کی۔
ڈرائیورز کے نہ رکنے پر ڈاکوئوں نے فائرنگ کردی جس سے 2 ٹرک ڈرائیور جان کی بازی ہار گئے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گشت پر مامور پولیس جوانوں نے ملزمان کا تعاقب کیا مگر ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر جنگل میں فرار ہوگئے۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد نے پولیس کی کارکردگی اور جرائم کی بڑھتی شرح پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے ناقص کارکردگی پر ایس ایچ او گولڑہ اور آئی 9 کو معطل کردیا جب کہ ایس ایچ او شمس کالونی اور سبزی منڈی کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے 72 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے۔
اسلام آباد میں بڑھتی وارداتوں پر ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز سے بھی وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔
اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف موثر کارروائیاں کی جائیں، تمام شاپنگ سینٹر بڑی مارکیٹوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں ٹریفک حادثہ، 4 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ زونل ایس پیز ایس ڈی پی اوز خود گشت کریں گے، جس کے علاقے میں واردات ہوئی اس ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی اور آپریشنز ڈویژن مشترکہ سنیپ چیکنگ کریں، انٹیلی جنس کی بنیاد پر جرائم پیشہ افراد کے خلاف مزید موثر کارروائیاں کی جائیں۔
گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ کی حدود میں دن دیہاڑے دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے جیولری شاپ کا گارڈ زخمی ہوگیا۔
اسلام آباد کے ریڈ زون کے انتہائی قریب اور تھانہ آبپارہ سے چند گز کے فاصلے پر میلوڈی مارکیٹ میں مسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔