پاکستان سمیت دنیا بھر میں کرسمس مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے


اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم پیدائش کے سلسلے میں مذہبی تہوار کرسمس نہایت جوش و خروش اور مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منا رہی ہے۔

اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرجا گھروں اور گھروں کو برقی قمقموں اور کرسمس ٹری سے سجایا گیا ہے، خیبر سے لے کر کراچی تک ملک کے کونے کونے میں آباد مسیحی برادری مکمل مذہبی آزادی کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منارہی ہے۔

ملک کے دوسرے شہروں کی طرح ملتان میں مسیحی برادری کرسمس کی خوشیاں منارہی ہے جہاں گرجا گھروں میں عبادات کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر کے تمام چھوٹے بڑے گرجا گھروں میں دعائیہ تقاریب جاری ہیں۔

وہاڑی میں دی سالویشن آرمی چرچ میں مسیحی برادری نے کرسمس کیک کاٹا گیا اور مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں نے نے اس موقع پر ٹبلیوز بھی پیش کیے۔

پنجاب کے شہر جہانیاں میں چرچ آف پاکستان میں سب سے بڑا اجتماع منعقد ہوا۔ ملک کی سلامتی اور کرونا وائرس سے نجات کے لیے خصوصی دعائیں کی گی

شرقپور شریف  میں رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ میاں جلیل احمد اور اسسٹنٹ کمشر ماہین فاطمہ نے کیک کاٹنے کی تقریب میں شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کرسمس: این سی او سی نے ایس او پیز جاری کردیے

حیدرآباد، صادق آباد، کوٹ ادو، ٹنڈوآدم  اور جھنگ میں بھی مسیحی برادری کے افراد ایک دوسرے سے مل کر  آج خوشیاں بانٹ رہے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار منایا جا رہا ہے۔  کورونا وبا کی وجہ سے کرسمس کی رونقیں کچھ ماند پڑ گئی ہیں۔ اٹلی میں ویٹی کن سٹی اور مقبوضہ بیت المقدس کے شہر بیت اللحم میں محدود تعداد میں شرکا کے ساتھ کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

ویٹی کن سٹی میں تقریب سے پوپ فرانسس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے انہیں غریبوں کی خدمت اور ان سے محبت کے اظہار کا حکم دیا ہے۔ ویٹی کن سٹی میں کورونا کے باعث تقریب میں کم افراد کو مدعو کیا گیا تھا اس دوران پوپ فرانسس نے دعا بھی کروائی۔

مقبوضہ بیت المقدس میں بھی کرسمس کے موقع پر روایتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا لیکن کورونا وبا کے باعث شرکا کی تعداد نہ ہونے کے برابر رہی۔

کرسمس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ نے دنیا بھر کی مسیحی برادری کو مبارکباد پیش کی اور کورونا وبا سے بچاؤ کی ویکسین کو کرسمس کا تحفہ قرار دیا۔

پیرس کے قدیم گرجا گھر میں آتشزدگی کے بعد پہلا کرسمس کانسرٹ منعقد کیا گیا

اٹلی میں مشہور سیاحتی مقامات روشنیوں میں ڈوب گئے، برف کے گالوں اور ستاروں کا عکس پیش کرتے رنگے برنگے برقی قمقموں نے ماحول کو یاد گار بنا دیا۔ عراق اور مصر میں بھی مسیحی برادری نے گرجا گھروں میں کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیا۔


متعلقہ خبریں