برطانیہ سے پاکستان آنے والوں پر سفری پابندیوں میں نرمی


اسلام آباد: برطانیہ سے پاکستان آنے والوں پر سفری پابندیوں میں نرمی کردی گئی ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے ردوبدل کے بعد جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بزنس، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے پاکستانیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کی مشکلات میں اضافہ، 40 سے زائد ممالک کی پروازیں بند

نئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان میں تعینات برطانوی سفارت کاروں کے اہل خانہ پاکستان آسکتے ہیں۔

سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں اسٹڈی، فیملی، ورک اور سیٹلمنٹ ویزا رکھنے والے ایسے پاکستانی  جن کا ویزا آئندہ تیس روز میں ختم ہورہا ہے کو بھی وطن واپس آنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ایئر لائنز میں کام کرنے والا عملہ بھی پاکستان آسکے گا لیکن برطانیہ سے پاکستان آنے والے ہر شخص کے لیے 72  گھنٹے پرانی منفی کورونا رپورٹ لازمی قرار دی گئی ہے۔

پاکستان پہنچنے پر برطانیہ سے آنے والوں کو قرنطینہ بھی کرنا پڑے گا۔

دو روز قبل پاکستان نے کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔

اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق 22 دسمبر رات 12 بجے سے 29 دسمبر تک کیا گیا تھا تاہم ٹرانزٹ پروازوں سے آنے والوں پر پابندی کا اطلاق نہیں کیا گیا تھا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق برطانیہ سے 7 روز میں پاکستان پہنچنے والے مسافروں سے رابطہ کا فیصلہ کیا گیا تھا جن کے کورونا ٹیسٹ کیے جانے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا: یورپی یونین کا برطانیہ پر سفری پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ

اس سے قبل فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی، آسٹریا، بیلجیم، نیدرلینڈز، کینیڈا، ہانگ کانگ، بھارت، ایران اور اسرائیل نے بھی برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر سفری پابندی لگا دی تھی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس کی نئی قسم نے برطانیہ کے علاوہ دیگر پانچ ممالک کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔


متعلقہ خبریں