لاڈلا پہلے بھی فیل تھا، اب بھی فیل ہے، نواز شریف


ساہیوال: سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی دال نہیں گل رہی ، لاڈلا پہلے بھی فیل تھا ، اب بھی فیل ہے۔

ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان بتائیں خیبرپختونخوا میں کیا تبدیلی لائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور جا کر پتہ چلے گا کہ کون سا پاکستان بن رہا ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور لوڈشیڈنگ کا بُرا حال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا ہے۔

کراچی میں امن اور ملک میں سی پیک ہم لے کر آئے ہیں، اب موقع ملا تو بے گھروں کو گھر بھی بنا کردیں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج پھر پوچھتا ہوں ” مجھے کیوں نکالا ” کیونکہ پاکستان ترقی کی راہ پر تھا کہ مجھے نااہل کر دیا گیا۔

میں اس سے پہلے بھی دو مرتبہ وزیراعظم رہا لیکن مجھ پرایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مینار پاکستان اور ساہیوال جلسے کا کوئی مقابلہ نہیں۔

نواز شریف نے وعدہ کیا کہ دوبارہ منتخب کیا گیا تو ساہیوال میں منی موٹر وے بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دو کا پیغام ساہیوال کے گھرگھر تک پہنچ گیا ہے۔

نواز شریف نے جلسے کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ساتھ دیا تو ہم پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دولت نہیں چاہیے، ہمیں تو عوام کی عزت اور توقیر پیاری ہے، جو حاجیوں کا مال کھا گئے انہیں کوئی پوچھنے والا بھی نہیں۔

 


متعلقہ خبریں