کشمور: دادو کی تحصیل میہڑ سے تعلق رکھنے والی ام رباب کے والد سمیت تین افراد کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم ذوالفقارچانڈیو کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی کشمور امجد شیخ کے مطابق ذوالفقارچانڈیو بلوچستان میں روپوش تھا۔ بلوچستان سے کشمور آمد پر ملزم کو خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے انعام مقرر تھا۔
خیال رہے کہ دادو کی تحصیل میہڑ میں 17 جنوری 2018 کو چانڈیو برادری کے افراد نے فائرنگ کر کے امِ رباب کے والد، دادا اور چچا کو قتل کردیا تھا۔ تہرے قتل کیس میں نامزد مفرور ملزمان غلام مرتضیٰ چانڈیو اور ذوالفقار چانڈیو بلوچستان فرار ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: سندھ کی ام رباب نےچیف جسٹس آف پاکستان سے فراہمی انصاف کی اپیل کردی
17 جنوری 2018 کو ضلع دادو کے تعلقہ میہڑ میں تین افراد کے قتل کے خلاف پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیدو اور ان کے بھائی برہان چانڈیو سمیت سات افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔
مقتولین کے لواحقین کا الزام تھا کہ ایم پی اے سردار خان چانڈیو کے کہنے پر برہان چانڈیو نے پولیس پروٹوکول کی موجودگی میں مختار چانڈیو، کابل چانڈیو اور کرم اللہ چانڈیو کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔