پی ڈی ایم کے دو اجلاس ملتوی

پی ڈی کے اجلاس ملتوی

فوٹو/فائل


اسلام آباد: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے اجلاس ملتوی کردیے گئے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم افتخار حسین کے مطابق اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس 13 کے بجائے 16 نومبر کو ہوگا، جبکہ پارٹی سربراہان کا اجلاس 14 کے بجائے 17 نومبر کو ہوگا۔

افتخار حسین کے مطابق اجلاسوں میں پی ڈی ایم کے چارٹر پر غور اور حتمی شکل دی جائے گی۔ پی ڈی ایم کی تحریک کو مزید فعال بنانے کیلئے موثر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پی ڈی ایم  نے خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں جلسے  کے لیے ضلعی انتظامیہ کو باقاعدہ درخواست دی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی این او سی کے لیے درخواست پانچ جماعتوں کے جنرل سیکرٹریز پر مشتمل انتظامی کمیٹی نے جمع کرائی تھی۔

مزید پڑھیں: بلاول کا انکوائری رپورٹ پر اتفاق نوازشریف کا نااتفاق پی ڈی ایم میں نفاق کا ثبوت، شبلی فراز

پی ڈی ایم نے ایک اور درخواست میں چیف کییٹل سٹی پولیس پشاور سے سکیورٹی انتظامات کی استدعا بھی کی تھی۔ پی ڈی ایم کا جلسہ 22 نومبر کو صبح 10 بجے پشاور کبوتر چوک رنگ روڈ پر منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق جلسہ کی میزبانی پر عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام ف کے درمیان اختلاف کے باعث قائدین نے مشترکہ طور پر میزبانی کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے پانچ جماعتوں کے جنرل سیکرٹریز پر مشتمل انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

اس سے قبل پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا تھا کہ پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالنے والے ناکام ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے انٹرویو کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جمہوریت اور سول بالادستی کے لیے پیپلز پارٹی کی تین نسلوں کی جدوجہد ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سول بالادستی کی جدوجہد میں ہم نے اپنے دو عظیم لیڈرز اور ہزاروں جیالے کھو دیے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا تھا کہ  پی ڈی ایم کا جنم بھی پیپلز پارٹی کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے مشترکہ اعلامیہ سے ہوا اور بلاول بھٹو کا بیانیہ پی ڈی ایم کے ایجنڈے کا تسلسل ہے۔


متعلقہ خبریں