پاکستانی نژاد بس ڈرائیور کا بیٹا برطانیہ کا وزیرداخلہ مقرر


لندن: پاکستانی نژاد ساجد جاوید کو برطانیہ کا نیا وزیر داخلہ مقرر کر دیا گیا۔

ساجد جاوید برطانوی تاریخ میں اس عہدے پرفائز ہونے والے پہلے مسلمان اور پاکستانی ہیں۔

سابق وزیر داخلہ ایمبررڈ نے تارکین وطن کے بارے میں غلط بیانی پر حال ہی میں اپنے عہدے سے استعفا دے دیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ساجد جاوید اس سے پہلے کمیونیٹیزمنسٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

پاکستانی نژاد ساجد جاوید 2010 میں پہلی بار برطانوی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ ان کے والد 1960 کی دہائی میں برطانیہ آئے تھے اور آغاز میں ایک بس ڈرائیور کے طور پر کام کرتے رہے۔

اسکائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ساجد جاوید نے کہا کہ بحیثیت وزیر داخلہ ان کی پہلی ترجیح برطانوی عوام کو محفوظ بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی ذمہ داری ہے اور وہ اسے انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

اپوزیشن لیبر پارٹی کے شیڈو سیکرٹری داخلہ ڈائین ایبٹ نے ساجد جاوید سے کہا ہے کہ وہ تارکین وطن کے لئے ‘مخاصمانہ ماحول’ کی پالیسی کو ختم کریں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ امیگریشن (ترک وطن یا نقل مکانی) پالیسی کو شفاف اور باوقار بنانا چاہتے ہیں، یہی وہ چیز ہے جو سابقہ وزیرداخلہ ایمبررڈ نے تجویز کی تھی۔


متعلقہ خبریں