نالہ لئی توسیع منصوبہ: وزیراعظم کی تجاویز منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت

نالہ لئی توسیع منصوبہ: وزیراعظم کی تجاویز منظوری کیلئے پیش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو راولپنڈی کے نالہ لئی  توسیع منصوبے سے متعلق حتمی تجاویز مرتب کرکے منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے نالہ لئی کے توسیع منصوبے کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ راولپنڈی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ راولپنڈی شہر کی آبادی میں اضافے سے مکینوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ منصوبے سے سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان کو نالہ لئی کی توسیع، دونوں اطراف ایکسپریس وے، رنگ روڈ اور صنعتی زون منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ لئی ایکپریس وے منصوبہ شہری آبادی سے متعلقہ مسائل کو حل اور شہریوں کو ریلیف فراہم کریگا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے سے مستقبل میں نالہ لئی میں سیلابی صورتحال کی روک تھام میں مددملے گی۔ منصوبے پر تقریباً 79 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، اسد عمر، شیخ رشید اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔

مزید پڑھیں: وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں اربوں روپے کے منصوبے منظور

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے اربوں روپے مالیت کے مختلف بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی تھی۔ جس میں ییلو بس ریپڈ ٹرانزٹ کا منصوبہ بھی شامل تھا۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ایکنیک کا اجلاس میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی۔

اجلاس میں ہائی ویز اور انفراسٹرکچر کے اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری کے علاوہ کراچی کے علاقے لانڈھی سے نمائش تک 21 کلومیٹر کا ییلو بس ریپڈ ٹرانزٹ، بی آر ٹی کوری ڈور منصوبے کی بھی منظوری دی گئی تھی۔

ییلو بس ٹرانزٹ منصوبے پر 61 ارب 43 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور منصوبے میں سرمایہ کاری ورلڈ بینک کرے گا۔ اس منصوبے پر 28 اسٹیشنز ہوں گے جن پر 268 بسوں کی سہولت موجود ہو گی۔ اس منصوبے سے 3 لاکھ شہری روزانہ فائدہ اٹھائیں گے۔


متعلقہ خبریں