ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری


اسلام آباد: ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ظفر احمد نے جناح اسٹیڈیم میں جاری قومی ایتھلیٹکس ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد اصغر گل نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کو بریفنگ میں بتایا کہ آٹھ مردوں اور چار خواتین پر مشتمل 12 رکنی ٹیم ساؤتھ ایشین جونئیر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔

ہیڈ کوچ نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں قومی ٹیم کے کھلاڑی مردوں کے چھ اور خواتین کے تین ایونٹس میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں پاکستانی مرد کھلاڑی ڈسک تھرو، 100 میٹر ریس، 200 میٹر ریس، 300 میٹر ریس، 400 میٹر ریلے ریس اور 1600 میٹر ریلے ریس میں حصہ لیں گے۔

400 میٹر ریلے ریس میں 100، 100 میٹر کے چار لیپس یا راؤنڈز ہوتے ہیں۔ 1600 میٹر ریلے ریس میں 400 میٹر کے چار لیپس یا راؤنڈز ہوتے ہیں۔

خواتین کھلاڑی 100 اور 200 میٹر ریس اور 400 میٹر ریلے ریس کے مقابلوں میں شرکت کریں گی۔

دو روزہ ساؤتھ ایشین جونئیر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ پانچ مئی سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں شروع ہو رہی ہے۔

ایونٹ میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جن میں پاکستان، سری لنکا، بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں۔

قومی ٹیم کے کھلاڑی چار مئی کو سری لنکا روانہ ہوں گے۔


متعلقہ خبریں